Friday, March 29, 2024

آرمی چیف کی برطانوی مشیر قومی سلامتی ، سیکرٹری دفاع سے ملاقات

آرمی چیف کی برطانوی مشیر قومی سلامتی ، سیکرٹری دفاع سے ملاقات
June 25, 2019
 راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی برطانوی سیکرٹری کابینہ، مشیر قومی سلامتی مارک سڈول اور سیکرٹری دفاع سٹیفن لوگروو سے ملاقات ہوئی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ برطانیہ کے دوران برطانوی سیکرٹری کابینہ اور مشیر قومی سلامتی مارک سڈول سے ملاقات کی ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور برطانوی مشیر قومی سلامتی کے مابین ملاقات کابینہ دفتر میں ہوئی جس میں افغان مفاہمتی عمل سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ برطانیہ نے علاقائی امن کیلیے پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا ۔ آرمی چیف نے برطانوی وزارت دفاع میں مستقل سیکرٹری دفاع سٹیفن لوگروو سے بھی ملاقات کی۔ قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے برطانوی وزارت دفاع کا دورہ کیا۔ https://twitter.com/OfficialDGISPR/status/1143141944580853760 ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ میں کہا کہ برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل سرنکولس کارٹر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا۔ پاکستان اور برطانیہ کی مسلح افواج کے درمیان وفود کی سطح پر تذویراتی مذاکرات ہوئے اور دو طرفہ فوجی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔