Sunday, September 8, 2024

آرمی چیف کی ایرانی وزیر دفاع سے ملاقات ،اہم امور پر تبادلہ خیال

آرمی چیف کی ایرانی وزیر دفاع سے ملاقات ،اہم امور پر تبادلہ خیال
January 19, 2016
تہران(92نیوز)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے تہران میں ایران کے وزیر دفاع حسین دیگان سے ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران مشترکہ تعاون کے ذریعے خطے کو عدم استحکام سے بچا سکتے ہیں۔ تفصیلات کےمطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سعودی عرب کے بعد ایران میں بھی ایکشن میں نظر آئے ہیں، آرمی چیف تہران پہنچنے کے فوراً بعد ایران کے وزیر دفاع حسین دیگان سے ملاقات کی، آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں خطے کی صورتحال اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، آرمی چیف نے ایرانی وزیر دفاع سے کہا کہ پاکستان ایران کو اپنا انتہائی اہم ہمسایہ ملک سمجھتا ہے اور پاکستان اور ایران کی عوام آپس میں بھائی چارے اور خلوص کا رشتہ ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ دنیا کو اس وقت دہشتگردی جیسے خطرات کا سامنا ہے اور دہشتگردی سے خطہ عدم استحکام سے دوچار ہو سکتا ہے، آرمی چیف نے کہا کہ دونوں ملک مشترکہ تعاون سے خطے کو عدم استحکام سے بچا سکتے ہیں،ایرانی وزیر دفاع نے خطے میں قیام امن اور استحکام کے لئے آرمی چیف اور پاکستانی عوام کی کوششوں کو سراہا۔