Saturday, May 11, 2024

آرمی چیف کی افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات، افغان امن عمل پر تبادلہ خیال

آرمی چیف کی افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات، افغان امن عمل پر تبادلہ خیال
June 9, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ دورے پر کابل پہنچ گئے، جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی اور امن معاہدے پر تبادلہ خیال کیا۔ افغان صدر نے امن معاہدے کو کامیاب بنانے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ افغانستان کے دارلحکومت کابل پہنچ گئے، اس دورے میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی، ملاقات میں امن وامان کی صورتحال، سرحدی امور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان کے افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی محمد صادق بھی ملاقات میں شریک تھے۔ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے افغان صدر کے بعد قومی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے ملاقات بھی کی،ا نہوں نے امن عمل میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے امن عمل میں پاکستان کی کوششوں کو جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ گزشتہ روز امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی، جس میں افغان مفاہمتی عمل اور پاک افغان بارڈر مینجمنٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ ملاقات میں افغان امن عمل میں اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا گیا جبکہ مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے مل کر کام جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔