Friday, April 26, 2024

آرمی چیف کی آپریشن ضرب عضب میں نابینا ہونیوالے جوانوں سے ملاقات

آرمی چیف کی آپریشن ضرب عضب میں نابینا ہونیوالے جوانوں سے ملاقات
May 25, 2016
اسلام آباد (92نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مسلح افواج کے ادارہ برائے امراض چشم کا دورہ کیا اور آپریشن ضرب عضب کے دوران بصارت سے محروم ہونے والے فوجی جوانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے قومی ہیروز کے علاج میں کوئی کسر باقی نہ رکھنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مسلح افواج کے ادارہ برائے امراض چشم کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب کے دوران نابینا ہونے والے نوجوانوں سے ملاقات کی۔ جوانوں کی دیسی ساختہ بارودی سرنگوں سے بینائی متاثر ہو گئی تھی۔ آرمی چیف نے نابینا فوجی جوانوں کے نام پیغام میں ان کی ہمت، حوصلے اور قرباینوں کو سلام پیش کیا۔ آرمی چیف نے جنگی ہیروز کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ہدایت کی کہ قومی ہیروز کے علاج میں کوئی کسر باقی نہ رکھی جائے۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ہار مانیں گے نہ پیچھے ہٹیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران اب تک 179 فوجی جوان جزوی اور مکمل طور پر بصارت سے محروم ہوچکے ہیں۔