Friday, May 3, 2024

آرمی چیف کو حکومت ،فوج اور پوری قوم کا اعتماد حاصل ہے، پاکستانی فوج وہ واحد فوج ہے جس نے گوریلا جنگ میں کامیابی حاصل کی : چودھری نثار

آرمی چیف کو حکومت ،فوج اور پوری قوم کا اعتماد حاصل ہے، پاکستانی فوج وہ واحد فوج ہے جس نے گوریلا جنگ میں کامیابی حاصل کی : چودھری نثار
August 3, 2015
  اسلام آباد(92نیوز)وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو حکومت ، فوج اور پوری قوم کا مکمل اعتماد حاصل ہے،پاکستانی فوج وہ واحد فوج ہے جس نے گوریلا جنگ میں کامیابی حاصل کی ،پاک فوج نظم ضبط کی پابند ہے اس لئے چند افسران کا مل کر آرمی چیف کو تبدیل کردینا ناممکن ہے۔ اسلام آباد میں نادرا کے آن لائن درخواست فارم سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں حکومت اور انتظامی امور چلانا آسان نہیں، تحریک انصاف کے دھرنے پر وہ ایک پوری کتاب لکھ سکتے ہیں لیکن گندے کپڑے چوراہے پر دھونا ٹھیک نہیں، سیاسی لوگوں کے بارے میں سازشوں کی بات ہوتی رہتی ہے لیکن فوج کبھی بھی اس قسم کے تنازعات کا حصہ نہیں بنی۔ ہم حالت جنگ میں ہیں اور ہمارا دشمن گلیوں کوچوں اور بازاروں میں چھپا ہوا ہے۔ فوج کے خلاف بیانات دینا ملک کے لیے نقصان دہ ہے، پاک فوج نظم و ضبط کی پابند اور دنیا کی بہترین فوج ہے، ملک میں امن کے لئے پاک فوج کی قربانیاں قابل فخر ہیں،یہ ممکن ہی نہیں کہ چند افسر مل کر آرمی چیف کو تبدیل کردیں، موجودہ آرمی چیف کو حکومت ، فوج اور پوری قوم کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا گزشتہ ادوار میں نادرا نے لاکھوں غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کئے ، 2011 میں 26، 2012 میں 493، 2013 میں 6 ہزار اور رواں سال کے 6 مہینوں میں 60 ہزار شناختی کارڈ بلاک کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکی ویزا آن لائن ہوسکتا ہے تو ہمارا کیوں نہیں ۔