Saturday, April 20, 2024

آرمی چیف کا گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کا دورہ، طلبا کو لیکچر دیا

آرمی چیف کا گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کا دورہ، طلبا کو لیکچر دیا
November 18, 2016

لاہور (92 نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ہماری افرادی قوت ہمارا اثاثہ ہیں۔ اساتذہ اور نوجوان نسل ملک کو بلندیوں پر لے جانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ آپریشن ضرب عضب نے ملک میں مضبوط و مستحکم امن کی بنیاد رکھ دی ہے۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف اپنی مادر علمی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے دورے پر آئے تو طلبہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے پاکستان کو بہترین سکالرز، سائنسدان، آرٹسٹ اور دانشور دیئے۔اساتذہ اور نوجوان نسل مستقبل سنوارنے اورملک کو بلندیوں پر لے جانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب نے ملک میں مضبوط ومستحکم امن کی بنیاد رکھ دی ہے۔

جنرل راحیل شریف زمانہ طالب علمی کی یادیں تازہ کرنے کے لیے جی سی یونیورسٹی کے ان حصوں میں بھی گئے جہاں انہوں نے ماضی میں وقت گزارا تھا۔ جنرل راحیل شریف نے وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی پروفیسر امیر حسن سمیت اساتذہ اور طلبہ سے ملاقاتیں بھی کیں۔ اس موقع پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی بھی موجود تھے۔