Sunday, May 19, 2024

آرمی چیف کا کور ہیڈ کوارٹرز لاہور کا دورہ، آپریشنل تیاریوں پر اظہارِاطمینان

آرمی چیف کا کور ہیڈ کوارٹرز لاہور کا دورہ، آپریشنل تیاریوں پر اظہارِاطمینان
November 23, 2021 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز لاہور کا دورہ کیا اور لاہور کور کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

آٓرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سپہ سالار نے کور کی آپریشنل تیاریوں اور کورونا وباء کے خلاف اٹھائے اقدامات کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور میڈیکل کالج کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سکول آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کا سنگ بنیاد رکھا۔ طلبا اور اساتذہ سے گفتگو میں آرمی چیف نے کہا کہ لاہور میڈیکل کالج پاکستان کا کلیدی ادارہ بن کر ابھرا ہے۔۔۔ نوجوان اپنی بہترین کارکردگی سے ملک اور انسانیت کی خدمت میں کردار ادا کریں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیدیاں میں اگلے مورچوں کا بھی دورہ کیا۔ سپہ سالار نے دستوں کی آپریشنل تیاری اور بلند عزم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے فرض شناسی میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔۔۔ ہم ہر قیمت پر مادر وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

آرمی چیف کے دورے کے موقع پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز بھی ہمراہ تھے۔