Friday, April 26, 2024

آرمی چیف کا کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے نفاذ میں تمام شراکت داروں کی ہم آہنگی کو خراج تحسین

آرمی چیف کا کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے نفاذ میں تمام شراکت داروں کی ہم آہنگی کو خراج تحسین
December 13, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا جہاں اُن کو فارمیشن کے آپریشنل امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو صوبہ سندھ خصوصاً کراچی کی سکیورٹی صورتحال اور کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔  

بریفنگ میں اُنہیں پاک فوج کی سول انتظامیہ کے ساتھ تعاون سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا، بتایا گیا کہ کراچی کے موجودہ بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کیلئے کاوشیں جاری ہیں، فارمیشن، ایف ڈبلیو او، این ایل سی، این ڈی ایم اے  کلیدی کردار ادا رہے ہیں، کراچی کو سیلابی صورتحال سے تحفظ، شہری سہولیات کی بہتری کاوشوں میں شامل ہیں۔

آرمی چیف نے کراچی کور کی آپریشنل تیاریوں، داخلی سلامتی کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے امن و امان کیلئے فارمیشن، سندھ رینجرز کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔

آرمی چیف نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے نفاذ میں تمام شراکت داروں کی ہم آہنگی کو بھی سراہا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا ہیڈ کوارٹرز سندھ پولیس کا بھی دورہ کیا اور پولیس ہیڈکوارٹرز آمد پر یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی، صوبے کی سکیورٹی صورتحال کیلئے سندھ پولیس کے کردار کو سراہا۔

آرمی چیف نے سندھ پولیس شہدا کے اہل خانہ سے بھی بات چیت کی، اُنہوں نے پولیس شہدا اور لواحقین کی لازوال قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیا۔

سپہ سالار نے شہدا کے لواحقین کو پاک فوج کی ہرممکن حمایت کا یقین دلایا۔