Saturday, May 18, 2024

سپہ سالارکا پاراچنارمیں آرمی پبلک سکول کے قیام کا اعلان

سپہ سالارکا پاراچنارمیں آرمی پبلک سکول کے قیام کا اعلان
January 22, 2017

پاراچنار (92نیوز) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پاراچنار کا دورہ، زخمیوں کی عیادت کی۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف کا کہنا ہے کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور پاکستان کے علاوہ ہماری کوئی اور پہچان نہیں ہے۔ آرمی چیف نے پاراچنار میں آرمی پبلک سکول کے قیام کا بھی اعلان کیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے  پاراچنار کا دورہ کیا اور گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ آرمی چیف کو بریگیڈ ہیڈکوارٹر میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے اور اس کے حوالے سے ریسکیو آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات کی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام نے عظیم قربانی دی ہے۔ قبائلی عوام کے تعاون سے پاک فوج، ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کے قیام میں بہترین کردار ادا کر رہے ہیں اور دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا ہے۔ انہون نے قبائلی عوام کی امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کی تعریف کی۔

قبائلی عمائدین کے مطالبے پر آرمی چیف نے پارا چنار میں آرمی پبلک سکول کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ چیف آف آرمی اسٹاف نے واشگاف انداز میں کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور پاکستان کے علاوہ ہماری کوئی شناخت نہیں ہے۔ اس میں کسی مذہبی، صوبائی، قبائلی، لسانی اور فرقہ ورانہ تقسیم کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

قبائلی عمائدین نے آرمی چیف کی موجودگی اور ان کے غم میں شریک ہونے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ بعد میں آرمی چیف نے پشاور سی ایم ایچ کادورہ کیا جہاں پاراچنار دھماکے کے شدید ذخمیوں کی عیادت کی۔ اس سے قبل پارا چنار پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نذیر احمد بٹ نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔