Friday, April 26, 2024

آرمی چیف کا وزیر اعظم شاہد عباسی کو معاملہ پر امن طریقے سے حل کرنے کا مشورہ

آرمی چیف کا وزیر اعظم شاہد عباسی کو معاملہ پر امن طریقے سے حل کرنے کا مشورہ
November 25, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  کا وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو ٹیلی فون ۔معاملہ پر امن طریقے سے حل کرنے کا کہا جبکہ وزیرداخلہ احسن اقبال کہتے ہیں مظاہرین اپنی ضد چھوڑ دیں کوشش ہے کہ بغیر کسی جانی نقصان کے معاملے کو حل کر پائیں ۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو دھرنے کا معاملہ پرامن طریقے سے حل کرنے کا کہا ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ٹیلی فون کیا اور کہا کہ موجودہ صورتحال قومی مفاد میں نہیں جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے حکومت اور مظاہرین کو تشدد کی راہ نہ اپنانے کی اپیل کی ۔

دوسری طرف وزیرداخلہ احسن  اقبال  نے جہاں مظاہرین سے ضد چھوڑنے کی اپیل کی وہیں بین الاقوامی سازش کا تذکرہ بھی کیا جبکہ یہ بھی کہا کہ یہ لوگ نہیں جانتے کہ ان کی سرگرمیوں کو دشمن کیسے استعمال کر رہے ہیں۔

وزیرداخلہ احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ ختم نبوت کے حوالے سے کوئی کمی کا سوچ بھی نہیں سکتا ۔دھرنے میں موجود افراد اتنے سادہ نہیں ہیں ان کے پاس جدید سہولیات ہیں ۔