Friday, May 17, 2024

آرمی چیف کا لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ، جوانوں کی حربی تیاریوں کو سراہا

آرمی چیف کا لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ، جوانوں کی حربی تیاریوں کو سراہا
December 23, 2021 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوٹ کوٹیہرہ سیکٹر میں تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور حربی تیاریوں، بلند حوصلے کو سراہا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول پر صورتحال، فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ایل او سی پر سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت چوکس رہنا ضروری ہے۔ مسلسل چوکنا اور تیار رہنے سے تمام خطرات سے نمٹا جاسکتا ہے۔

سپہ سالار نے مزید کہا کہ تمام خطرات اور ہنگامی حالات کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لیے تیاری ناگزیر ہے۔ ایل او سی پر سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی اہم ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ایل او سی پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے خیر مقدم کیا۔