Friday, May 10, 2024

آرمی چیف کا شہید کیپٹن کرنل شیر خان اور حوالدار لالک جان کو خراج عقیدت

آرمی چیف کا شہید کیپٹن کرنل شیر خان اور حوالدار لالک جان کو خراج عقیدت
July 7, 2020

راولپنڈی ( 92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے  کارگل جنگ میں نشان حیدر پانے والے مادر وطن کے دو عظیم سپوتوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کی ۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید، حوالدار لالک جان شہید بہادری، لازوال جذبے، مثالی قیادت کا درخشندہ باب ہیں ۔  مادر وطن کے دفاع کے لئے اپنی جان نچھاور کرنے سے بڑھ کر کوئی اعزاز نہیں۔قوم کو اپنے بہادر بیٹوں پر فخر ہے، ہر قیمت پر ملکی دفاع کیلئے بہادری سے ڈٹے رہنا ہی دھرتی ماں کے بیٹوں کا شیوا ہے ۔

ڈی جی  آئی ایس پی آر نے ٹویٹ کیا کہ یہ عظیم شہدا، صوابی، خیبر پختونخوا اور غذر، گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے جنگی ہیرو ہیں، شہداء نے اپنے خون سے ہر مشکل کیخلاف عزم و ہمت کی تاریخ رقم کی۔

سال 1999 میں  کارگل کے محاذ میں کرنل شیر خان  کو 18400 فٹ بلندی پر دفاع کا کام سونپا گیا۔ 28 جون 1999کو بھارتی افواج نے دراس کے علاقے پر حملہ کیا۔ کیپٹن کرنل شیر خان نے 41 فوجیوں کی قیادت کرتے ہوئے بھارتی فوج کو زبردست جانی نقصان سے دوچار کیا اور بھارتی فوج کو پسپا ہونا پڑا۔

 اس معرکے میں کیپٹن کرنل شیر خان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

حکومت پاکستان نے کیپٹن کرنل شیر خان کے عظیم کارنامے پر انہیں پاکستان کا اعلیٰ ترین فوجی اعزاز ”نشان حیدر“ عطا کیا۔ان کے گاؤں کوبھی کرنل شیرخان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے ۔

کارگل کی جنگ  میں 32سالہ حوالدار لالک  جان کو اگلے مورچوں پر اہم ترین چوکی کے تحفظ کا فریضہ سونپا گیا ، جون میں دشمن نے چوکی پر حملہ کردیا تولالک جان اور ساتھی دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے ۔

عددی برتری کے باوجود دشمن کو منہ کی کھانا پڑی ، بھاری جانی ومالی نقصان پردشمن مجبوراً پسپا ہوگیا، بزدل دشمن نے 7 جولائی کو بھاری توپخانہ کیساتھ پھرحملہ کیا اور گولوں کی بارش کردی، لالک جان زخمی ہونے کے باوجود ڈٹے رہے اوردشمن پرقہر بن کر ٹوٹتے رہے ۔

حوالدار لالک جان 7 جولائی 1999 ءکو دشمن کے ناپاک عزام خاک میں ملاتے جام شہادت نوش کرگئے۔کمال ہمت، جرات ،بہادر ی اور سرفروشی کا عظیم مظاہرہ کرنے پرحکومت نے حوالدار لالک جان شہید کوملک کے سب سے بڑا فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا۔