Wednesday, May 8, 2024

آرمی چیف کا راولپنڈی میں فوجی فاؤنڈیشن ہیڈکوارٹرز کا دورہ

آرمی چیف کا راولپنڈی میں فوجی فاؤنڈیشن ہیڈکوارٹرز کا دورہ
April 15, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے راولپنڈی میں فوجی فاؤنڈیشن ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو فوجی فاؤنڈیشن کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے راولپنڈی میں فوجی فاؤنڈیشن ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے معیاری خدمات کے لیے فوجی فاؤنڈیشن کے عزم اور کارکردگی کو سراہا۔ آرمی چیف نے مستقبل کے منصوبوں میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

سپہ سالار نے 100 بستر کے اسپتال، فاؤنڈیشن یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ اسکول آف نرسنگ کا افتتاح بھی کیا۔ آرمی چیف کی آمد پر مینیجنگ ڈائریکٹر، چیف ایگزیکٹو آفیسر فوجی فاؤنڈیشن وقار احمد ملک نے خیرمقدم کیا۔

فوجی فاؤنڈیشن 1954 سے مسلسل قومی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ فوجی فاؤنڈیشن کا سربراہ اور 71 فیصد ملازمین سویلینز ہیں۔ گزشتہ سال فوجی فاؤنڈیشن نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ٹیکس، ڈیوٹی اور لیویز کی مد میں 175 ارب روپے ادا کیے جو پاکستان کے وفاقی بجٹ کا تقریباَ 2.45 فیصد ہے۔ گزشتہ دس سالوں میں فوجی فاؤنڈیشن نے ٹیکس اور ڈیوٹی کی مد میں ساڑھے تیرہ سو ارب روپے سے زائد رقم قومی خزانے میں جمع کرائی۔

اس وقت ملک بھر میں فوجی فاؤنڈیشن کے 133 تعلیمی ادارے قائم ہیں جن میں کالج، سکول، ووکیشنل اور ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹرز شامل ہیں۔ فوجی فاؤنڈیشن ہیلتھ کئیر سسٹم سے مستفید ہونے والے 80 فیصد مریض غازیوں اور شہیدوں کے لواحقین ہیں۔