Friday, April 26, 2024

آرمی چیف کا جہلم کے قریب فائرنگ رینجز کا دورہ، وی ٹی فور ٹینک کا مظاہرہ دیکھا

آرمی چیف کا جہلم کے قریب فائرنگ رینجز کا دورہ، وی ٹی فور ٹینک کا مظاہرہ دیکھا
September 22, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جہلم کے قریب فائرنگ رینجز کا دورہ کیا، ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے چینی ساختہ جدید ترین تھرڈ جنریشن مین بیٹل ٹینک وی ٹی فور کا مظاہرہ دیکھا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق جدید ترین لڑاکا ٹینک جارحانہ کردار کیلئے جلد سٹرائیک فارمیشنز میں شامل کیا جائے گا۔ وی ٹی فور ٹینک جدید ٹیکنالوجی سے لیس، خود کار دفاع کا حامل، متحرک، بہترین فائر پاور کا حامل ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق وی ٹی فور ٹینک، مقامی سطح پر تیار کردہ الخالد ون ٹینک کی آرمڈ کور کیں شمولیت کے بعد کلیدی اضافہ ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جہلم کے قریب فائرنگ رینجز کے دورہ پر کہا کہ ٹینک نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے ملکی دفاع کو مزید ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ تمام تر توجہ داخلی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے پر مرکوز ہے، پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کے ہر قیمت پر بھرپور دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق قبل ازیں کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز پر آرمی چیف کا استقبال کیا۔