Monday, September 16, 2024

آرمی چیف کا جنوبی وزیرستان کا دورہ،سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کا افتتاح کیا

آرمی چیف کا جنوبی وزیرستان کا دورہ،سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کا افتتاح کیا
April 5, 2018
راولپنڈی ( 92 نیوز ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی وزیرستان کے دورہ میں اہم منصوبوں کا افتتاح کردیا، سپہ سالار کہتے ہیں دہشتگردی کیخلاف مشکل ترین آپریشنز کئے ، کسی کو امن کی تباہی کی اجازت نہیں دیں گے ۔ فاٹا کوقومی دھارے میں لانا ناگزیر ہے ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا جنوبی وزیرستان کا دورہ ، کور کمانڈر پشاور، آئی جی ایف سی خیبر پختونخواہ بھی ہمراہ تھے  ۔ سپہ سالار نے مکین میں حکومت اور آرمی کے تعمیر کردہ اور عوامی نوعیت کے اہم منصوبوں زرعی پارک اور مارکیٹ کا افتتاح کیا۔ ترجمان پاک افواج کے ٹویٹ کے مطابق آرمی چیف نے منصوبوں کے افتتاح کے بعدمقامی قبائلی عمائدین سے خطاب کیا اور کہا کہ ہم دہشتگردی کے بہت کٹھن دور سے گزرے ہیں، دہشتگردوں کیخلاف پوری طاقت سے مشکل ترین آپریشنز کیے ۔ آج استحکام اور ترقی کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ  بیش قیمت جانوں اور قومی خزانے کی قربانیاں دیکر حاصل کردہ امن کی تباہی کی کسی کواجازت نہیں دیں گئے ، ملکی دیرپاترقی و استحکام کیلئے فاٹا کو عوامی امنگوں کے مطابق قومی دھارے میں لانا ناگزیر ہے ۔ آرمی چیف نے کامیابیوں کو دیرپا اور مستحکم بنانے کیلئے قبائلی بھائیوں کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ قبائلی عمائدین نے قبائلی علاقوں میں امن کی بحالی اورترقیاتی منصوبوں پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا ، قبائل نے یقین دہانی کرائی کہ دیرپا امن کی منزل کے حصول کیلئے پاک آرمی کیساتھ کھڑے ہیں۔ ڈی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کہتے ہیں آرمی چیف مرحوم نقیب اللہ محسود کے گھر بھی گئے اور نقیب اللہ کے والد سے ملے  ۔بیٹے کی جدائی پر تعزیت  کی اور ایصال ثواب کیلئے فاتحہ پڑھی ۔ اِس موقع پر آرمی چیف نے واضح کیا کہ آرمی جاں بحق نقیب اللہ کو انصاف دلانے کیلئے ہر ممکن تعاون کریگی۔