Friday, May 10, 2024

آرمی چیف کا بھارتی ظلم و جبر کا بہادری سے سامنا کرنیوالے کشمیریوں کو سلام

آرمی چیف کا بھارتی ظلم و جبر کا بہادری سے سامنا کرنیوالے کشمیریوں کو سلام
February 5, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف نے بھارتی ظلم و جبر کا بہادری سے سامنا کرنےوالے کشمیریوں کو سلام پیش کیا، یوم یکجہتی پر جنرل قمرجاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کہا پائیدار امن ابھی تک ایک خواہش سے زیادہ کچھ نہیں۔ آرمی چیف کہتے ہیں کہ بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے نقصانات کے مدنظر صبر وتحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں مگر دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ یوم یکجہتی کشمیر پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیغام میں کہا کہ اس سال یوم یکجہتی کشمیر مذموم بھارتی جارحیت کے تناظر میں منایا جارہا ہے بھارت ایک پالیسی کے تحت کشمیریوں کے حقوق غصب اور انہیں طاقت کے اندھا دھند استعمال سے دبا رہا ہے وادی کو جیل میں تبدیل کرتے ہوئے لاکھوں کشمیریوں کو قید کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق خودارادیت کیلئے جدو جہد کر رہےہیں، اس سال 5 فروری یکجہتی کے اظہار سے بڑھ کر ہے ثابت قدمی سے بھارتی جبر کا مقابلہ کرنے والے کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس جدوجہد میں کشمیری اکیلے نہیں ہم ان کی تکالیف اور بہتر کل کے خوابوں میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے لیے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی، پائیدار امن ابھی تک ایک خواہش سے زیادہ کچھ نہیں، بھارتی فورسز کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزی کرتی ہیں، جان بوجھ کر سول آبادی کو جارحیت کا نشانہ بناتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہمارے فوجی جوانوں اور شہریوں کی لازوال قربانیاں جدوجہد کشمیر کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان فوج اپنے فرائض کی انجام دہی میں بہت مستعد ہے۔ ہم ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہم ہر قمیت پر ثابت قدمی سے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔