Tuesday, May 7, 2024

آرمی چیف کا امریکی سینیٹر جان مکین کے انتقال پر اظہار افسوس

آرمی چیف کا امریکی سینیٹر جان مکین کے انتقال پر اظہار افسوس
August 27, 2018
راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف نے امریکی سینیٹر جان مکین کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ آرمی چیف کہتے ہیں جان مکین پاک، امریکہ تعلقات کو دوطرفہ بہتری کیلئے  افادیت کا مکمل ادراک رکھتے تھے۔ جان مکین اعلی پائے کے فوجی اور اپنے ملک کے بہترین نمائندے تھے۔ سابق امریکی سینیٹر اور سابق صدارتی امیدوار جان مکین اکیاسی برس کی عمر میں چل بسے۔ مکین  جولائی  دو ہزار سترہ سے  دماغ کے کینسر  جیسے موزی مرض میں مبتلا تھے اور انہوں نے گزشتہ روز ہی اپنا علاج ترک کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ جان مکین کا شمار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سخت ناقدین میں ہوتا ہے ۔ انہوں نے  مخصوص مسلم ممالک پر  سفری پابندیوں سمیت ٹرمپ انتظامیہ کے دیگر متنازعہ اقدامات پر کھل کر تنقید کی تھی۔ جان مکین انتیس اگست انیس سو چھتیس کو پیدا ہوئے ۔ انہوں نے امریکی  بحریہ میں بطور فائٹر پائلٹ خدمات سر انجام دیں۔ ویتنام  کی خونریز لڑائی کے دوران ساڑھے پانچ سال تک جنگی قیدی بھی رہے۔ سینیٹر مکین دو ہزار آٹھ کے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار تھے جس میں انہیں سابق صدر باراک اوباما نے شکست دی تھی۔ مکین نے امریکی سینیٹ کی آرمڈ فورسز کمیٹی کے طور پر شمالی وزیر ستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دہشتگردی کیخلاف آپریشن میں پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سابق صدر باراک اوباما  سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے جان مکین  کے انتقال پر  افسوس کا اظہار کیا۔