Wednesday, April 24, 2024

آرمی چیف کا افغان صدر سے ٹیلی فونک رابطہ ،دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی مذمت

آرمی چیف کا افغان صدر سے ٹیلی فونک رابطہ ،دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی مذمت
January 15, 2017
راولپنڈی(92نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان صدر اشرف غنی کو فون کیا اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے افغان صدر کو بہتر بارڈر منیجمنٹ اور دہشتگردوں کی نقل و حرکت روکنے پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان صدر اشرف غنی سے قندھار اور کابل میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے حملوں پر اظہار افسوس کیا۔آرمی چیف نے دہشتگردی کی کارروائیوں میں جاں بحق ہونے والوں کے پسماندگان سے بھی افسوس کا اظہار کیا،آرمی چیف نے افغان  حکومت اور عوام کو پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے وہ افغان حکومت کے ساتھ ہیں:آرمی چیف نے افغان صدرسے کہا کہ دونوں ممالک  دہشتگردی کا شکار ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بارڈر منیجمنٹ سسٹم اور انٹیلیجنس کا نظام بہتر ہونا چاہئیے، تاکہ دہشت گردوں کی آزادانہ نقل و حرکت کو روکا جا سکے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک اہم کردار ہے،آپریشن ضرب عضب میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا ہےاور پاکستان میں دہشتگردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہیں موجود نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں قومیں آپریشن ضرب عضب کے ثمرات حاصل کریں۔   دونوں ممالک آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کریں۔ انہوں نے افغان صدر سےمزید کہا کہ الزامات کی وجہ سے ،جو عناصر خطے میں دہشتگردی پھیلانا چاہتے ہیں ان کو تقویت ملتی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افغان صدر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے اظہار ہمدردی کرنے پر شکریہ ادا کیا، افغان صدر اشرف غنی نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔