Friday, April 26, 2024

آرمی چیف کا آئین و قانون کی رہنمائی میں منتخب حکومت کی مدد جاری رکھنے کا اعلان

آرمی چیف کا آئین و قانون کی رہنمائی میں منتخب حکومت کی مدد جاری رکھنے کا اعلان
October 10, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) آرمی چیف نے آئین اور قانون کی راہنمائی میں منتخب حکومت کی مدد جاری رکھنے کا اعلان  کردیا ، کہا کہ  ہماری تباہی کا منصوبہ بنانے والے آج مایوسی میں ہماری کامیابیوں کو دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی میں خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ  دُنیا کے کئی ممالک کی طرح پاکستان کو جنگ، دہشت گردی اور معاشی شکنجے کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ دُنیا کے بہت سے ممالک مشکلات کا سامنا نہ کر سکے اور بکھر گئے ،پاکستان نے تمام سازشوں اور مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، پاکستان آرمی نے فروری2019میں اپنے سے5گنا بڑے دُشمن کو ہزیمت سے دوچار کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے پاس آؤٹ ہونے والے دوست ممالک کے کیڈٹس کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ  میں پاس آؤٹ ہونے والے دوست ممالک کے کیڈٹس کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے محنت سے اپنی ٹریننگ کو مکمل کیا ، آج کے دِن آپ ایک ایسی فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں جو پُوری دُنیا میں اپنی پیشہ وارانہ اور حربی صلاحیتوں کے لئے جانی اور پِہچانی جاتی ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ  پاکستان آرمی نے نہ صرف دہشت گردی کو شِکست دی بلکہ فروری 2019 میں اپنے سے 5 گنا بڑے دُشمن کو ہزیمت سے دوچار کیا۔ آپ چاہے آفیسر ہوں یاجوان،  والنٹیر انڈکشن سے لے کر تمام اکائیوں کی تناسب سے نمائندگی تک،آپ میں مدرسہ طالب علم سے کر پبلک سکول تک،ایک عام آدمی کے بیٹے سے لے کر متوسط و امیر کے بیٹے تک اور سب سے بڑھ کر شہیدوں کے وارث دراصل پاکستان کی خوبصورت نمائندگی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا میں اسے اعزاز سمجھتا ہوں کہ ہم قوم کے سامنے ایک قابلِ اعتماد اور جوابدہ ادارہ کے طور پر حاضر رہتے ہیں،لہذا تمام کامیابیوں اور چیلنجز کے باوجود جب بھی وطن اور قوم کو ہماری ضرورت پڑی، ہم نے بہترین نتائج کے لئے اپنا آپ پیش کر دیا ،پاکستانی قوم ہر مشکل اور ہر چیلنج میں آپ کو اپنے شانہ بشانہ ملے گی اور آپ پر فخر بھی کرے گی اور عزت بھی دے گی۔آپ پر فرض ہے کہ مکمل وَفاداری اور بے مثال لگن سے اُن کے اعتماد پر ہمیشہ پُورا اُتریں، پاکستانی قوم کا افواج پر اعتماد اور مضبوط رشتہ دراصل اُن بے شمار قربانیوں کا ثمر ہے جو ہمارے غازیوں اور شہیدوں نے اپنے لہو سے رقم کی ہیں ، آپ پر لازم ہے کہ اس رشتے کو مضبوط سے مضبوط تر بناتے جائیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ  دُنیا کے بہت سے ممالک کی طرح پاکستان کو جنگ، دہشت گردی اور معاشی شکنجے کا سامنا کرنا پڑا ،دُنیا کے بہت سے ممالک اِن مشکلات کا سامنا نہ کر سکے اور بکھر گئے مگر پاکستان نے ان تمام سازشوں اور مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اب وقت ہے کہ متحد ہو کر  اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستان کو خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔