Thursday, May 2, 2024

آرمی چیف نے فاٹا یوتھ فیسٹیول کا افتتاح کر دیا‘ قبائلی ٹیموں کی بھرپور شرکت

آرمی چیف نے فاٹا یوتھ فیسٹیول کا افتتاح کر دیا‘ قبائلی ٹیموں کی بھرپور شرکت
December 23, 2015
پشاور (92نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں امن کی بحالی کا سہرا پاک فوج اور عوام کی قربانیوں کے سر ہے۔ آپریشن ضرب عضب کی صورت میں کامیابیوں کا سفر جاری رہےگا۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف پشاور کے قیوم سٹیڈیم پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے آرمی چیف کا خیرمقدم کیا۔ آرمی چیف نے فاٹا یوتھ فیسٹیول کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں قبائلی علاقوں کی ساتوں ایجنسیوں کی ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا۔ بینڈ کی شاندار پرفارمنس اورقبائلی نوجوانوں کے علاقائی رقص سے حاضرین خوب محظوظ ہوئے۔ تقریب سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فیسٹیول میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت امن دشمنوں کی شکست ہے۔ قبائلی نوجوانوں کی صلاحیت بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں جس سے قبائلی عوام کا معیار زندگی بہتر ہو رہا ہے۔ آرمی چیف نے اس عزم کا اظہارکیا کہ آپریشن ضرب عضب کی صورت میں کامیابی کا سفر جاری رہے گا۔