Friday, March 29, 2024

آرمی چیف نے 7 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی

آرمی چیف نے 7 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی
September 22, 2016
اسلام آباد (92نیوز) آرمی چیف نے سات خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی۔ مذکورہ دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں کی جانب سے پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی۔ دہشت گرد پورے ملک میں سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا دہشت گردوں کے خلاف بڑا اقدام۔ سات خطرناک دہشت گردوں کی موت کے پروانے پر دستخط کر دیے۔ آئی ایس پی آر سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے تمام دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں نے پھانسی کی سزا سنائی تھی۔ تمام دہشت گردوں نے عدالتوں میں اپنے جرائم کا اقرار کیا تھا۔ یہ سات خطرناک دہشت گرد پورے ملک میں سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ ترجمان کے مطابق موت کی سزا پانے والے دہشت گردوں میں قاسم طوری، عابد علی اور محمد دانش شامل ہیں۔ مذکورہ تینوں دہشت گرد مختلف کالعدم تنظیموں کے رکن تھے۔ تینوں دہشت گرد قانون نافذ کرنےو الے اداروں پر حملوں میں ملوث تھے۔ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں آتشیں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ پھانسی کی سزا پانے والوں میں مطابر خان اور رحمٰن الدین کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے رکن تھے۔ مذکورہ دونوں دہشت گرد سکیورٹی اداروں اور امن کمیٹیوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ سزائے موت پانے والوں میں سید جہانگیر حید راور ذیشان بھی شامل ہیں۔ مذکورہ دونوں دہشت گرد فرقہ وارانہ ہلاکتوں میں ملوث تھے۔ ملک میں فوجی عدالتیں 16دسمبر 2014ءکو آرمی پبلک سکول کے افسوسناک سانحے کے بعد قائم کی گئیں۔ اب تک کئی خطرناک دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں سے پھانسی کی سز ا سنائی جا چکی ہے۔