Friday, April 26, 2024

آرمی چیف نے 15 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی

آرمی چیف نے 15 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی
December 16, 2018
راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف نے 15 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق  دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جبکہ 20 مجرموں کو قید کی سزا بھی سنائی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سزائے موت پانے والوں میں کرسچین کالونی پشاور حملے میں ملوث دہشت گرد شامل ہیں ۔ مجرم معصوم شہریوں کے قتل ، تعلیمی اداروں کو تباہ کرنے میں ملوث تھے ۔ دہشتگردوں کی کارروائیوں میں انیس افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی ملا تھا۔ مجرموں کی دہشتگردانہ وارداتوں میں مجموعی طور پر 34 افراد شہید ہوئے جن میں مسلح افواج کے 21، فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 9 اہلکار شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کو فوجی عدالتوں نے سزا سنائی تھی۔ دہشتگردوں نے دوران ٹرائل اپنے جرائم کا اعتراف بھی کیا۔ پاک فوج نے دہشت گردوں کی سزاؤں سے متعلق اہم تفصیلات جاری کر دیں۔ ترجمان کے مطابق فوجی عدالتوں کے قیام سے اب تک 717 ملزموں کے کیسز بھیجے گئے ہیں جن میں سے 546 مقدمات نمٹا دیئے گئے۔ 310 دہشتگردوں کوسزائے موت سنائی گئی جبکہ 234 دہشتگردوں کو 5 سال سے لے کر عمر قید کی سزا سنائی گئی ۔ فوجی عدالتوں نے 2 ملزمان کو بری بھی کیا۔ سزائے موت پانے والے 310 دہشت گردوں میں سے سانحہ صفورا گوٹھ سمیت  56 دہشتگردوں کو تختہ دار پر لٹکایا گیا جبکہ 254 دہشتگردوں کی اپیلیں مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ سانحہ اے پی ایس پشاور حملے کے 5 دہشتگردوں سمیت میریٹ ہوٹل اسلام آباد، پریڈ لین حملے ،آئی ایس آئی ملتان آفس، ایس ایس جی جوانوں پر حملوں ، آئی ایس آئی سکھر آفس پر حملے میں ملوث دہشتگردوں کو بھی سزائے موت سنائی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایس ایس پی چودھری اسلم، مسز سبین محمود، امجد صابری کے قاتلوں ،بنوں جیل حملہ، مستونگ فرقہ واریت، نانگاپربت پر غیرملکیوں کو مارنے والے، چلاس میں شہریوں اور سکیورٹی جوانوں پر حملے کے دہشتگردوں کو بھی سزائے موت سنائی گئی۔