Friday, April 26, 2024

آرمی چیف نے 12دہشتگردوں کی سزائے موت میں توثیق کر دی

آرمی چیف نے 12دہشتگردوں کی سزائے موت میں توثیق کر دی
July 2, 2018
راولپنڈی ( 92 نیوز ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 12 خطرناک ترین دہشتگردوں کی سزائے موت اور 6کو مختلف نوعیت کی سزاؤں کی توثیق کردی، عام شہری احسان اللہ کو عدم ثبوتوں کی بنا پر بری کردیا گیا۔  سزائے موت پانے والے دہشتگرد 34 شہریوں کے قتل، پارہ چنار میں امام بارگاہ، مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھے، تمام دہشتگردوں کو جلد پھانسی دی جائیگی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تمام12دہشتگرد26عام شہریوں ،مسلح افواج اور ایف سی کے8اہلکاروں سمیت 34افرادکو شہید اور 133 افراد کو زخمی کرنے ،مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں ، پارہ چنار میں مرکزی امام بارگاہ پر حملوں میں ملوث تھے ۔ گرفتاری پردہشتگردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ، ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا  ،  فوجی عدالت کے روبرو اپنے مکرو ہ جرائم کے اقرار پراِن دہشتگردوں کوسزائے موت جبکہ 6دیگر کو مختلف نوعیت کی قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں  ،تمام دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے تھا۔ ترجمان پاک افواج کے مطابق آرمی چیف نے عدم ثبوتوں اور الزامات ثابت نہ ہونے پر عام شہری احسان اللہ ولد کفایت اللہ کو بری کردیااور یہ ثابت کردیا کہ فوجی عدالتیں اور قیادت انصاف کے تقاضے پورے کررہی ہے۔ سزائے موت پانے والوں میں عاشق خان، رشید ، معراج، محمد رسول ،جنت کریم، ابوبکر ، انوار خان، غلام حبیب ،عبدالغفور ، رواز خان ،مبارک زیب اور ایوب خان شامل ہیں۔سزائے موت پانے والے تمام دہشتگردوں کو جلد تختہ دار پر لٹکایا جائیگا۔