Monday, September 16, 2024

آرمی چیف نے 11 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی

آرمی چیف نے 11 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی
August 16, 2016
اسلام آباد (92نیوز) تمام 11 دہشت گرد تحریک طالبان پاکستان کے فعال رکن تھے۔ دہشت گرد مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث رہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے 11 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی ہے۔ تمام 11 دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں نے سزائیں سنا رکھی تھیں۔ دہشت گردوں نے فوجی عدالتوں کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف بھی کرلیا تھا۔ سزائے موت پانے والے تمام 11 دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے۔ ترجمان کے مطابق سزائے موت پانے والے دہشت گرد کوئٹہ میں آئی ایس آئی اور پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھے۔ فرقہ وارانہ قتل عام، اغوا اور شہریوں کی ہلاکت میں ملوث دہشت گردوں کو بھی سزائے موت سنائی گئی۔ دہشت گرد پاک آرمی کے میجر عابد مجید اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں کی شہادت میں ملوث تھے۔ دہشت گرد سکولوں اور مواصلاتی نظام کے تباہ کرنے اور دہشت گردانہ منصوبہ بندیوں کا حصہ رہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سزائے موت پانے والوں میں ضیاءالحق، فضل ربی، محمد شیر، عمر زادہ، لطیف الرحمن، محمد عادل، اصرار احمد، عبدالحمید، حضرت علی، میاں سید اعظم اور قیصر خان شامل ہیں۔