Sunday, September 8, 2024

آرمی چیف نے 10 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی

آرمی چیف نے 10 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی
November 22, 2016

اسلام آباد (92نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا جاتے جاتے دہشت گردی پر کڑا وار۔ آرمی چیف نے دس خطرناک ترین دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔ تمام دہشت گردوں کو جلد تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جاتے جاتے دہشت گردوں پر ایک اور کڑا وار کر دیا۔ ملک میں دہشت گردی کی خطرناک ترین کارروائیوں میں ملوث دس بڑے دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق یہ تمام دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل، آرمی کے افسران و جوانوں کے قتل، پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھے۔ ان دہشت گردوں نے سوات آپریشن کے دوران پاک فوج کے کیپٹن جنید، کیپٹن نجم ریاض، نائیک شاہد اور لانس نائیک شکیل کو ذبح کیا تھا۔ دہشت گردوں سے آتش گیر اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد قبضے میں لیا گیا۔ یہ دہشت گرد تعلیمی اداروں، مواصلاتی نظام کی تباہی میں بھی ملوث تھے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ تمام دہشت گردوں کو فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی۔ ان دہشت گردوں نے عدالتوں کے سامنے اپنے جرائم کا اقرار کیا تھا۔ موت کی سزا پانے والے دہشت گردوں میں حنیفہ، تیرہ گل، محمد ولی، خیستہ محمد، علی رحمان، فضل علی، محمد علی، نثار علی، خیال جان اور پایو جان شامل ہیں۔ سزائے موت پانے والے 6 دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان، 4 کا کالعدم لشکر اسلام سے ہے۔ تمام دہشت گردوں کو جلد تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔