Friday, April 26, 2024

آرمی چیف سےکراچی کے تاجروں کی ملاقات ،مسائل حل کرنےکی یقین دہانی

آرمی چیف سےکراچی کے تاجروں کی ملاقات ،مسائل حل کرنےکی یقین دہانی
January 19, 2017
کراچی(92نیوز)چیف آف آرمی سٹاف کے کراچی میں کوراور رینجرز ہیڈ کوارٹرز کے دورے ۔ کراچی آپریشن اور امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ جنرل قمرجاوید باجوہ نےتاجروں سےملاقات میں کہاکہ کراچی میں قیام امن کیلئے پاک فوج اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ تفصیلات کےمطابق پاک فوج کے ترجمان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ  کورہیڈ کوارٹرز کراچی پہنچے تو کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے ان  کا استقبال کیا۔ آرمی چیف رینجرز ہیڈ کوارٹرز بھی گئے جہاں انھیں  کراچی آپریشن اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر برینفگ دی گئیں۔ افسران اور جوانوں سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ،ٹارگٹ کلنگ اوراغوا برائے تاوان کی کارروائیوں میں بھی کمی آئی ہے۔ کراچی آپریشن کی وجہ سے امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج کراچی آپریشن میں شریک سول انتظامیہ، سندھ حکومت اور پولیس کے ساتھ ملکر کام کرتی رہے گی۔ انہوں نے کراچی آپریشن میں شریک جوانوں اور افسروں کے کردار اور حوصلے کی تعریف کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن کی بحالی اور استحکام کیلئے کوششیں جاری رہیں گی۔ کور ہیڈکوارٹرز میں کراچی کے نمائندہ تاجروں نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے تاجروں کو یقین دلایا کہ کراچی میں قیام امن کیلئے پاک فوج اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ شہر میں امن و امان کی بہتری سے ان کے سرمائے اور کاروبار کو فائدہ ہو گا۔ اس قبل کراچی پہنچنے کے بعد آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔