Friday, April 19, 2024

آرمی چیف سے پشاور زلمی ٹیم کی ملاقات ، قمرجاوید باجوہ نے ایونٹ کا فائنل جیتنے پر مبارکباد دی

آرمی چیف سے پشاور زلمی ٹیم کی ملاقات ، قمرجاوید باجوہ نے ایونٹ کا فائنل جیتنے پر مبارکباد دی
March 11, 2017
راولپنڈی(92نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی پر امن اور کھیلوں سے محبت کرنے والی قوم ہے، کرکٹ قوم کو متحد کرنے والا کھیل ہے۔ پی ایس ایل 2 کی چیمپئن ٹیم پشاورزلمی نے آرمی چیف سے ملاقات کی  اورپوری ٹیم کو ایونٹ کا فائنل جیتنے پر مبارکباد دی ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان سپر لیگ ٹو کی فاتح ٹیم پشاور زلمی نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے پشاورزلمی کی ٹیم اور  انتظامیہ کوجیت پرمبارکباد دی۔ ملاقات میں آرمی چیف نے پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے غیرملکی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ واپس لانے پر پی ایس ایل کی تمام ٹیموں اورانتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہیں، پاکستان ایک پرامن اور کھیلوں سے محبت کرنے والا ملک ہے، کرکٹ پاکستان کا پسندیدہ ترین کھیل ہے جوقوم کو متحد رکھتا ہے۔ آرمی چیف نے کھلاڑیوں کو کہا کہ آگے بڑھتے رہیں اورپاکستان کا نام روشن کریں، اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں کو کرکٹ سے متعلق ماہرانہ مشورے دے کرحیران کردیا۔ زلمی کی ٹیم اورانتظامیہ نے تعاون پرآرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ ہم پاکستان کے سپاہی ہیں اور پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ زلمی ٹیم نے کہا کہ آرمی چیف کی کرکٹ کے  ساتھ خصوصی لگاؤ دیکھ کر خوشگوارحیرت ہوئی۔ اس موقع پر پشاور زلمی کے کھلاڑیوں کو آرمی چیف نے سووینئیرز بھی پیش کئے جبکہ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے آرمی چیف کو پختونوں کا روایتی کُلہ پہنایا۔ چیپیئن کھلاڑیوں نے ٹرافی لیکر آرمی چیف کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔