Wednesday, April 24, 2024

آرمی چیف سے متعلق معاملہ حساس، عدالت خود دیکھ رہی ہے، فضل الرحمٰن

آرمی چیف سے متعلق معاملہ حساس، عدالت خود دیکھ رہی ہے، فضل الرحمٰن
November 28, 2019
سکھر (92 نیوز) آرمی چیف سے متعلق معاملہ حساس ہے، سب چیزوں کو عدالت خود دیکھ رہی ہے، حتمی رائےعدالت ہی دے گی، مولانا فضل الرحمٰن کہتے ہیں حکمرانوں کو طرز حکمرانی کا پتہ ہی نہیں، نئے اور شفاف الیکشن ملک کیلئے ناگزیر ہیں۔ جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے پی پی رہنما خورشید شاہ کی رہائش گاہ آمد پر میڈیا سے گفتگو میں کہا جب مسئلہ عدالت میں زیر سماعت ہے تو تبصرہ نہیں ہونا چاہیے، جب غیر منتخب، جعلی، نا اہل، نالائق حکمرانوں کو تسلیم کریں گے، ایسے میں ملک تنزلی کی طرف جائے گا، ایسی صورتحال میں نئے انتخابات ہی نیا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ علیل ہیں یہ تشویشناک صورتحال ہے، سیاستدانوں کو نیب کے ذریعے عدالتوں میں گھسیٹنا ایسے احتساب کو ہم نہیں مانتے، نیب کو سیاسی انتقام کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے، خورشید شاہ بھی اسی مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ اس موقع پر صحافی نے سوال کیا مولانا صاحب آپ کو جو یقین دہانی کرائی گئی تھی وہ پوری ہوتی دیکھائی دے رہی ہے؟،جس پر مولانا فضل الرحمٰن کا مسکراتے ہوئے جواب دیا کیا آپ کو وہ نظر نہیں آرہی۔