Tuesday, April 23, 2024

آرمی چیف سے مالدیپی وزیردفاع اور چیک ریپبلک کی مسلح افواج کے سربراہ کی ملاقاتیں

آرمی چیف سے مالدیپی وزیردفاع اور چیک ریپبلک کی مسلح افواج کے سربراہ کی ملاقاتیں
May 24, 2016
اسلام آباد (92نیوز) جمہوریہ چیک کی مسلح افواج کے سربراہ اور مالدیپ کے وزیردفاع نے آرمی چیف سے الگ الگ ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں دفاع کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ چیک ریپبلک کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل جوزف اور مالدیپ کے وزیر دفاع آدم شریف عمر نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔ جنرل ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں ہونے والی ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک اور پاکستان کے درمیان دفاع کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور علاقائی سلامتی کے لئے مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق پایا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ چیک ریپبلک کے چیف آف جنرل سٹاف اور مالدیپ کے وزیردفاع کی جانب سے آپریشن ضرب عضب میں پاکستان کی کامیابیوں کی تعریف کی گئی۔ جنرل جوزف اور آدم شریف عمر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ ترجمان کے مطابق چیک ری پبلک کی مسلح افواج کے سربراہ اور مالدیپ کے وزیر دفاع کی جی ایچ کیو آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ دونوں مہمانوں نے پاک فوج کی یادگار شہداءپر پھولوں کی چادریں بھی چڑھائیں۔