Monday, May 13, 2024

آرمی چیف سے سری لنکن اور بحرین کے فوجی کمانڈرز کی ملاقاتیں

آرمی چیف سے سری لنکن اور بحرین کے فوجی کمانڈرز کی ملاقاتیں
March 19, 2021 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سری لنکن اور بحرین کے فوجی کمانڈرز نے ملاقاتیں کیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں فوجی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سری لنکن چیف آف ڈیفنس اسٹاف، آرمی کمانڈر جنرل ایل ایچ ایس سی سلوا جی ایچ کیو پہنچے، یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، اس موقع پر پاک آرمی کے چاق و چوبند دستے نے جنرل سلوا کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سری لنکن چیف آف ڈیفنس اسٹاف، آرمی کمانڈر نے ملاقات کی، اس موقع پر علاقائی سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون میں وسعت پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل سلوا نے پاکستان کی افغان امن عمل سمیت علاقائی امن و استحکام کیلئے کردار کو سراہا، کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین باہمی تعلقات میں مزید وسعت لائی جائے گی۔

ادھر دوسری جانب آرمی چیف سے بحرین کے نیشنل گارڈز کے کمانڈر شیخ محمد بن عیسی نے بھی ملاقات کی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پاکستان بحرین کیساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔