Friday, April 26, 2024

آرمی چیف سے روسی سفیر کی ملاقات، آپریشن ردالفساد کی تعریف

آرمی چیف سے روسی سفیر کی ملاقات، آپریشن ردالفساد کی تعریف
February 28, 2017

اسلام آباد (92نیوز) آرمی چیف سے روسی سفیر کی ملاقات۔ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کہتے ہیں کہ روس کے ساتھ عسکری تعلقات سے خطے میں مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں متعین روسی سفیر الیکسی یوریوک ڈیڈوف نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ روس کے ساتھ عسکری تعلقات کے خطے میں مثبت اثرات ہوں گے۔ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون خطے کی سکیورٹی کے لئے مددگار ہوگا۔

آرمی چیف نے پاک روس افواج کے درمیان تعاون اور جاری آپریشنز پر روسی سفیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔ روسی سفیر نے دہشت گرد حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔

روسی سفیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ آپریشن ردالفساد سے دہشت گردی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ روسی سفیر نے اقتصادی ترقی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔