Sunday, May 12, 2024

آرمی چیف سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات، سرحدی ،دفاعی ،علاقائی امن و سلامتی کے امور پر گفتگو

آرمی چیف سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات، سرحدی ،دفاعی ،علاقائی امن و سلامتی کے امور پر گفتگو
November 11, 2020

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے ملاقات کی ، ملاقات میں سرحدی، دفاعی، علاقائی امن و سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے  جی ایچ کیو میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی ،افغان امن عمل، پاک، ایران سرحدی انتظام، سرحدی منڈیوں کے قیام پرتبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  کا کہنا تھا کہ  پاک،ایران وسیع تر تعاون کے علاقائی امن و استحکام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے علاقائی استحکام، افغان امن کیلئے پاکستانی مثبت کردار کو سہراہتے ہوئے کہا کہ ایران، پاکستان اور افغانستان کیساتھ بہترین تعلقات کیلئے سرگرم عمل ہے۔

ملاقات سے متعلق ایرانی سفیر محمد علی حسینی نے اردو میں ٹویٹ میں بتایا کہ آرمی چیف اور وزیرخارجہ  ڈاکٹر جواد ظریف نے دوطرفہ دوستانہ تعلقات، ہمسائیگی پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔

 ادھر ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ آمد ہوئی ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ کے سبزہ زارمیں پودا لگایا۔ جواد ظریف نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات، کثیر الجہتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ، کورونا وبائ کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں بارڈرمینجمنٹ، دوطرفہ روابط کے فروغ اور زائرین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے امور بھی زیربحث آئے۔

وزیرخارجہ  شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب کے اعزازمیں ظہرانہ بھی دیا۔ اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے شاعرمشرق ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کا کیک کاٹا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر ایران کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ایران بھی افغانستان میں استحکام چاہتا ہے۔ ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف  کا کہنا تھا کہ  پاکستان سے ملنے والے تعاون سے بہت مطمئن ہیں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی ۔ وزیر اعظم نے ایران میں کورونا کی وجہ سے اموات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ایران کے درمیان مضبوط بردارنہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک بھی تعلقات تعاون کو باہمی فائدہ کےلئے مزید مضبوط کریں۔ وزیر اعظم نے ملاقات میں کورونا سے نمٹنے میں پاکستانی حکمت عملی سے ایرانی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔