Thursday, April 25, 2024

آرمی چیف زلزلہ کے بعد ریسکیو آپریشن کی نگرانی کیلئے پشاور پہنچ گئے

آرمی چیف زلزلہ کے بعد ریسکیو آپریشن کی نگرانی کیلئے پشاور پہنچ گئے
October 26, 2015
راولپنڈی(92نیوز)آرمی چیف جنرل راحیل شریف زلزلہ کے بعد ریسکیوآپریشن کی نگرانی کے لئے پشاور پہنچ گئے، جہاں انہوں نے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا اور زلزلہ متاثرین کو اشیا خورونوش کی فراہمی سمیت تمام تر وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کےمطابق زلزلہ کے فوری بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جی ایچ کیو میں ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں تمام فارمیشنز کمانڈرز نے شرکت کی، آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف نے پاک فوج کو فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو آپریشن کے حوالے سے کسی احکامات کا انتظار نہ کیا جائےاور اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچا جائے۔ اجلاس کے بعد آرمی چیف ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کرنے کے لئے پشاور پہنچے جہاں پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کو کور ہیڈکواٹر میں ریسکیو آپریشن اور نقصانات کے حوالے سے بریفنگ دی، آرمی چیف نے کور کمانڈر پشاور کو ہدایت کی کہ زلزلہ متاثرین کو فوری طور پر ٹینٹ اور راشن فراہم کیا جائے ، فوج کی ریسکیو ٹیمیں اور ہیلی کاپٹرز متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کردیئے گئے ہیں اور تمام سی ایم ایچ اسپتال ہائی الرٹ ہیں جب کہ زلزلے کے دوران امدادی کام کرنے والی خاص مشینیں بھی الرٹ ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق زلزلہ سے سب سے زیادہ خیبر پختونخواہ کے علاقے متاثر ہوئے ہیں جہاں پر ہلاکتوں کی تعداد125 سے زائد ہو گئی ہے، دوسری جانب زلزلہ سے پاکستان کو چین سے ملانے والے قراقرام ہائی وے بری طرح متاثر ہوئی اور 5 مختلف مقامات پر بند ہو گئی ہے جس کی بحالی کے لئے ایف ڈبلیو او نے کام شروع کر دیا ہے۔