Sunday, May 12, 2024

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا لائن آف کنٹرول کا دورہ، سپاہ کیساتھ نماز عید ادا کی

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا لائن آف کنٹرول کا دورہ، سپاہ کیساتھ نماز عید ادا کی
May 13, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا، سپاہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے نماز عید سپاہ کیساتھ ادا کی، پاکستان کی سلامتی، امن اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب میں سپاہ کے بلند حوصلے، عزم اور آپریشنل تیاریوں اور کورونا کے خلاف شہری انتظامیہ سے تعاون پر فارمیشن کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کورونا وباء سے ہر ممکن احتیاط برتنے کی بھی تاکید کی، انہوں نے کہا کہ، پاکستانی عوام کی سلامتی، تحفظ اور بہبود ہماری ذمہ داری ہے، پاک آرمی اپنی قوم کی اُمنگوں پر پورا اترنے کیلئے ہرممکن کردار ادا کرے گی۔

سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کیلئے لازوال قربانیاں دینے والے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا، کہا کہ، کسی محاذ یا تہوار سے قطع نظر، مادر وطن کے دفاع کیلئے فرائض کی انجام دہی پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ،عید کے موقع پر ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کی عظیم جدوجہد کو نہیں بھولنا، مسئلہ کشمیر کے حل اور انسانی المیہ کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے۔ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی اُمنگوں، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل کیا جائے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق اس موقع پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس بھی سپہ سالار کے ہمراہ تھے۔