Thursday, April 25, 2024

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا سیالکوٹ اور کوٹلی کا دورہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا سیالکوٹ اور کوٹلی کا دورہ
June 12, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیالکوٹ اور کوٹلی کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سیالکوٹ میں کور کی سطح پر جاری فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ مشقوں کے دوران دفاعی آپریشن سمیت روائیتی جنگی آپریشنل امور پر مشقیں کی گئیں۔ آرمی چیف نے موثر آپریشنل جوابی حکمت عملی کے مظاہرے کو سراہا اور مستقبل کے چیلنجز کے پیش نظر مختلف جوابی اقدامات کی مشقوں کی تعریف کی۔

سیالکوٹ پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ بعد ازاں آرمی چیف نے کوٹلی کے قریب کور کی سطح کی پر جاری تسخیر جبل فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کی اور مشقوں کا مشاہدہ کیا۔ آرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں میں اضافے کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف کو مختلف دفاعی اور جارحانہ  حکمت عملی کے پہلووں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف سے مشقوں میں حصہ لینے والے جوانوں نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سپہ سالار نے جوانوں کے عزم و حوصلے کو سراہا اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارتوں کی تعریف کی۔ سپہ سالار نے کہا کہ حقیقی اور مستقبل کے عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے تربیت میں بہتری اہم عنصر ہے۔ ہر خطرے سے نمٹنے کیلئے آپریشنل تیاریاں جاری رہنی چاہئیں۔ کوٹلی پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل اظہر عباس نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔