Wednesday, April 24, 2024

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا ترکی کا ایک روزہ دورہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا ترکی کا ایک روزہ دورہ
June 24, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ترکی کا ایک روزہ دورہ کیا۔

ترک وزارت دفاع آمد پر چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ترک وزیر دفاع جنرل (ر) ہولوسی آکار سے ملاقات کی۔ ترک فوج کے جنرل اسٹاف اور کمانڈر ترک لینڈ فورسز بھی موجود تھے۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی اور افغان امن عمل پر گفتگو کی گئی۔ دو طرفہ دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

آرمی چیف نے کہا ترکی خطے کا اہم ترین مسلمان ملک ہے۔ پاک، ترک تعاون کے علاقائی امن پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ترک حکام نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا پاکستان نے افغان امن عمل میں قابل قدر کردار ادا کیا۔ پاکستان اور ترک حکام نے عزم ظاہر کیا کہ برادرانہ تعلقات کے فروغ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آذربائیجان کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کی آذری وزیر داخلہ اور چیف آف اسٹیٹ بارڈر سروس سے ملاقاتیں ہوئیں۔ دوطرفہ دفاعی، سکیورٹی تعاون اور علاقائی امن و استحکام پر گفتگو کی گئی۔ توانائی، تجارت اور روابط بڑھانے کے منصوبوں میں تعاون پر غور کیا گیا۔

ملاقاتوں میں پاک آرمی کے پیشہ وارانہ معیار کو سراہا گیا۔ آرمی چیف نے کہا چیلنجز قریبی تعاون کے متقاضی ہیں، مجموعی ردعمل دینا ہو گا۔ آذربائیجان کی قیادت نے افغان امن عمل میں پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔