Saturday, April 20, 2024

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دنیا کی طاقتور ترین شخصیات کی فہرست میں شامل

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دنیا کی طاقتور ترین شخصیات کی فہرست میں شامل
May 9, 2018
نیو یارک ( 92 نیوز ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دنیا کی طاقتور ترین شخصیات کی فہرست میں شامل ہو گئے ۔امریکی جریدے فوربز نے فہرست جاری کردی۔فہرست کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ دنیا کے سب سے طاقتور انسان قرار پائے ۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن دوسرے اور ڈونلڈ ٹرمپ تیسرے نمبر پر موجود ہیں ۔ خطہ ارض پر ساڑھے 7 ارب سے زیادہ لوگ آباد ہیں ، امریکی جریدے فوربز نے 2018 کے حوالے سے دنیا کے 75 بااثر ترین افراد کی فہرست جاری کی ہے ۔ اس فہرست کے مطابق چین کےصدر شی جن پنگ دنیا کے طاقتورترین شخص ہیں ، جنہوں نے اپنی ملک کی معیشت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ دوسرے نمبر پر روسی صدر ولادی میرپیوٹن کا نام آتا ہے جنہوں نے حال ہی میں چوتھی مدت کیلئے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ہے ۔ فہرست میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تیسرے اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل چوتھے  نمبر پر ہیں  ۔فوربز کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دنیا کے آٹھویں طاقتور انسان ہیں ، جنہوں نے اپنے ملک میں خواتین کے حوالے سے متعدد نئی اصلاحات متعارف کرائی ہیں  ۔ امریکی جریدے کی اس فہرست میں شمالی کورین رہنما کم جونگ اُن بھی اہم  شخصیت بن کر ابھرے ہیں  ، جو اس فہرست پر چھتیس ویں نمبر پر ہیں ،جبکہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باوجوہ دنیا کے ارسٹھویں طاقتور ترین شخص ہیں  ۔