Friday, April 19, 2024

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کراچی میں کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کراچی میں کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ
December 7, 2015
اسلام آباد (92نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کراچی میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کراچی پہنچ گئے ہیں۔ کور ہیڈکوارٹر کراچی میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن کی وجہ سے امن امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کراچی میں قیام امن کا جائزہ لینے کے لئے کور ہیڈکوارٹر پہنچے جہاں پر انہوں نے امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، کور کمانڈ کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار،ڈی جی آئی ایس پی آر اور ڈی جی رینجرز سندھ بھی موجود تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز سندھ نے کراچی میں امن وا مان کے حوالے سے آرمی چیف کو بریفنگ دی۔ آرمی چیف نے شہر میں قیام امن کے لئے فوج، رینجرز، انٹیلی جنس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو سراہا اور کہا کہ آپریشن کی وجہ سے شہر میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کی بہتر صورتحال کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات کا پرامن انعقاد ممکن ہوا۔