Friday, April 19, 2024

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا روس سے واپسی کےاگلے ہی روز خیبر ایجنسی  کا دورہ

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا روس سے واپسی کےاگلے ہی روز خیبر ایجنسی  کا دورہ
June 19, 2015
راولپنڈی(92نیوز)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نےدورہ روس سے واپسی کے اگلے ہی روز خیبر ایجنسی میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور پورا دن فوجی جوانوں اور قبائلی عمائدین کے ساتھ گزارا، آرمی چیف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے خیبر ایجنسی کا دورہ کیا اور پورا دن فوجی جوانوں کے ساتھ گزارا،آرمی چیف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں  فوجی جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ  دہشتگردوں نے علاقے میں محفوظ ٹھکانے بنا رکھے تھے لیکن اب سکیورٹی فورسز نے دہشتگروں کی کمر توڑ دی ہے دہشتگردوں کو دوبارہ منظم نہیں ہونے دیا جائے گا۔ آرمی چیف نے  خیبر ایجنسی کے علاقے جوارو میں فوجی آپریشن کے اختتامی مراحل کا جائزہ لیا اور کہا کہ اس علاقے میں دہشتگردوں نے بارودی سرنگوں کا جال بچا رکھا تھا جسے اب مکمل طور پر کلیئر کیا گیا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیاگیا ہے ، اور ان کو پاک افغان سرحد تک محدود کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب کارروائی پاک افغان سرحد پر ہو رہی ہے اور بچ جانے والے دہشتگردوں کا صفایا کیا جائے گیا، آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم کا تعاون حاصل ہے اور انشااللہ قوم کے تعاون سے پاکستان کو دہشتگردوں سے پاک کر دیں گے۔ آرمی چیف نے باڑا میں ہتھیار ڈالنے والوں کے لئے بنائے گئےاصلاحی سنٹر کا بھی دورہ کیا ۔ 2 3 4