Sunday, September 8, 2024

آرمی چیف جنرل راحیل شریف چترال کے دورے پر پہنچ گئے، سیلاب متاثرین کی دادرسی

آرمی چیف جنرل راحیل شریف چترال کے دورے پر پہنچ گئے، سیلاب متاثرین کی دادرسی
August 6, 2015
چترال (نائنٹی ٹو نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف جہاں قوم کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے پرُعزم ہیں وہیں وہ مصیبت کی گھڑی میں بھی اپنے پاکستانیوں کو نہیں بھولتے جس کا ثبوت ان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کےدورے ہیں۔ وہ آج چترال پہنچے اور سیلاب متاثرین کی دادرسی کی۔ دہشت گردی کے خلاف بڑی جنگ لڑنے والی فوج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف قوم کی ہر پریشانی اور دکھ کا مداوا کرنے کے لئے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔ ان کی قیادت میں فوج نے خیبر ایجنسی کو دہشت گردوں سے پاک کر دیا۔ قبائلی علاقوں میں ملک دشمنوں کو چھپنے کی جگہ نہیں مل رہی اور آپریشن ضرب عضب میں مکمل فتح بھی بہت قریب ہے۔ رینجرز نے جہاں کراچی میں ہر مافیا پر ہاتھ ڈال دیا ہے وہیں ایف سی نے بلوچستان میں دہشت گردوں کا جینا حرام کر دیا ہے۔ ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے جوان مشکلات میں گھرے پاکستانیوں کی مدد کیلئے بھی ہر وقت تیار رہتے ہیں۔ پاک فوج کے سپہ سالار نے اس سلسلے میں ایک نئی مثال قائم کر دی ہے اور وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے والے پہلے آرمی چیف بن گئے ہیں۔ چند روز پہلے انہوں نے روجھان کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور اب وہ چترال پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے ناصرف لوگوں کی مشکلات سنیں بلکہ انہیں حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرا دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاک فوج سیلاب متاثرین کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ جنرل راحیل شریف نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے جوانوں کی تعریف کی اور ایف ڈبلیو او کو سڑکوں اور پلوں کی بحالی کے لئے کام کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔