Wednesday, April 24, 2024

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کابل پہنچ گئے

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کابل پہنچ گئے
December 27, 2015
اسلام آباد (92نیوز) پاک فوج کے سربراہ کی کابل میں افغان صدر اور چیف ایگزیکٹو سے ملاقاتیں ہوں گی۔ افغانستان کی عسکری قیادت سے بھی ملیں گے۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف ایک روزہ دورے پر افغانستان پہنچ گئے ہیں۔ وہ کابل میں افغان صدر اشرف غنی چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر عبد اللہ عبداللہ اور افغان عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ افغان صدر کے ساتھ ملاقات میں بارڈر مینجمنٹ کے علاوہ خطے کی صورتحال پر بھی بات چیت کی جائے گی جبکہ افغان مفاہمتی عمل دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے اہم مشاورت ہو گی۔ مری امن مذاکرات ملا عمر کے انتقال کی خبروں کے بعد ملتوی کر دیے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق افغان طالبان اور اشرف غنی کی حکومت نے امن مذاکرات کے لئے رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔ مذکرات کی بحالی کے لئے پاکستان اور چین اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات کے لئے جگہ کا تعین کر لیا گیا ہے اور تمام فریقین سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ مذاکرات جنوری کے دوسرے ہفتے میں پاکستان میں ہی ہونگے تاہم تاریخوں کا حتمی تعین آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورہ افغانستان کے بعد ہی کیا جائےگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل راحیل شریف امن مذکرات کو کامیاب بنانے کے لئے افغان قیادت سے ضمانت بھی مانگیں گے۔