Monday, May 20, 2024

آرمی پبلک سکول کے شہداءپاکستانی قوم کی طاقت ہیں : امریکہ

آرمی پبلک سکول کے شہداءپاکستانی قوم کی طاقت ہیں : امریکہ
December 16, 2015
نیویارک (ویب ڈیسک) امریکہ نے سانحہ آرمی پبلک سکول کو ایک سال مکمل ہونے پر پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ امریکی سیکرٹری خارجہ جان کیری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کی پہلی برسی کے موقع پر متاثرہ خاندانوں سے ایک بار پھر اظہاریکجہتی اور دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ انہیں رواں سال واشنگٹن میں آرمی پبلک سکول پشاور کے بعض طلباءسے ملاقات کا موقع ملا جو سولہ دسمبر دوہزار چودہ کو ہونے والے حملے کے عینی شاہد تھے۔ امریکی سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ ان بچوں سے مل کر یہ احساس ہوا کہ دنیا بھر میں موجود اچھے لوگوں کا مل کر دہشت گردی اور لوگوں کی جانیں لینے والے نظریات کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنا کتنا اہم کام ہے۔ جان کیری نے کہا ہے کہ وہ سانحہ اے پی ایس کاایک سال مکمل ہونے پر تمام امریکیوں کی طرف سے پاکستانی عوام کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ وہ پرتشدد شدت پسندی کے مقابلے اور ایک محفوظ ، مستحکم پاکستان کے قیام کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔