Sunday, September 8, 2024

آرمی پبلک سکول اور چارسدہ یونیورسٹی کا ماسٹرمائنڈ عمر خراسانی ہلاک ہوگیا : ترجمان پاک فوج کی تصدیق

آرمی پبلک سکول اور چارسدہ یونیورسٹی کا ماسٹرمائنڈ عمر خراسانی ہلاک ہوگیا : ترجمان پاک فوج کی تصدیق
July 13, 2016
راولپنڈی(92نیوز)آرمی پبلک اسکول پشاور اور چارسدہ یونیورسٹی پر حملوں کا ماسٹر مائنڈ  عمرخراسانی افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں مارا گیا ہے، ترجمان پاک فوج نے تصدیق کردی۔ تفصیلات کےمطابق  ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے اپنی ٹویٹ میں بتایا ہے کہ ریزولٹ سپورٹ مشن کے کمانڈر جان نکلسن نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے، جس میں  آرمی چیف کو افغانستان میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے میں طالبان کمانڈر عمر نرے کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے ۔  خالد نرے خلیفہ عمر اور خالد خراسانی کے ناموں سے بھی جانا جاتا تھا، طالبان کمانڈر خالد نرے آرمی پبلک سکول پشاور اور چار سدہ یونیوسٹی میں ہونے والے حملوں کا ماسٹر مائینڈ تھا، خالد نرے کا تعلق درہ آدم خیل سے بتایا جاتا ہے جو افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں دہشت گردی کر رہا تھا ۔ افغانستان میں کئی دہشت گرد تنظیمیں پاکستان کے خلاف کام کر رہی ہیں اس حوالے سے پاکستان نے ہمیشہ مطالبہ کیا کہ ان تنظیموں کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور دہشت گردوں کو پاکستان کے حوالے کیا جائے۔  سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی گیلانی کے بیٹے کو بھی ریزولٹ سپورٹ مشن نے بازیاب کرایا تھا۔