Friday, May 17, 2024

مسلم لیگ ن کا آرمی ایکٹ میں ترمیم کی غیر مشروط حمایت کا فیصلہ ،ذرائع

مسلم لیگ ن کا آرمی ایکٹ میں ترمیم کی غیر مشروط حمایت کا فیصلہ ،ذرائع
January 2, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) مسلم لیگ ن نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی غیر مشروط حمایت کا فیصلہ کر لیا، ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے آرمی ایکٹ میں ترامیم کی حمایت کا فیصلہ ن لیگ کی قیادت کے پیغام ملنے کے بعد کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے پیغام پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پہنچایا ، آرمی ایکٹ میں ترامیم  کیلئے  حکومت نےقانون سازی کیلئے ن لیگ سے حمایت مانگی ہے ۔  پرویزخٹک،شبلی فراز اور اعظم سواتی نے اپوزیشن لیڈر کے چیمبرمیں ن لیگی رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں  ترامیم پر تبادلہ خیال کیا ۔ حکومت نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل کا مسودہ اپوزیشن کو دیا  اور معاملے پر حمایت  مانگ لی ، اتفاق رائے ہونے کے بعد بل کل قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ آرمی ایکٹ میں ترمیم سے متعلق قانون سازی کے معاملے پر  حکومتی وفد اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں گیا ۔ حکومتی وفد میں پرویز خٹک، قائد ایوان سینٹ شبلی فراز، اعظم سواتی شریک تھے ۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے خواجہ آصف، سردار ایاز صادق، رانا تنویر سمیت دیگر شریک ہوئے ۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ امید ہے شام تک مشاورت مکمل کر لیں گے ،   خٹک مشاورت کے بعد معاملہ کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے۔