Sunday, September 8, 2024

آرامکو حملہ ، ایران نے کسی بھی قسم کے حملے کے جواب میں مکمل جنگ کی دھمکی دے دی

آرامکو حملہ ، ایران نے کسی بھی قسم کے حملے کے جواب میں مکمل جنگ کی دھمکی دے دی
September 19, 2019
 تہران (92 نیوز) آرامکو حملوں کے بعد مشرق وسطی کی صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔ ایران نے کسی بھی قسم کے حملے کے جواب میں مکمل جنگ کی دھمکی دے دی۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے دنیا کو تنبیہ کی ہے کہ اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو یہ ایک مکمل جنگ کی صورت اختیار کر جائے گا۔ امریکی میڈیا کو انٹرویو کے دوران جواد ظریف نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کسی صورت جنگ نہیں چاہتا لیکن اپنے دفاع میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں کرے گا۔ ایرانی مؤقف کی تائید کرنے والے جاپانی وزیر دفاع کے بیان کے برعکس، فرانس نے حوثیوں کی جانب سے آرامکو حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے کے دعویٰ کو نا قابل اعتبار قرار دے دیا۔ ساتھ ہی ساتھ، بین الاقوامی تحقیقات کا انتظار کرنے اور تناؤ کم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا مشورہ بھی دے دیا۔ ادھر سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات نے بھی امریکی قیادت میں بننے والے بحری سیکورٹی اتحاد میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ آبنائے ہرمز اور ملحقہ پانیوں کی سیکورٹی کیلئے بننے والے اتحاد میں آسٹریلیا ، بحرین اور برطانیہ پہلے ہی شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔ اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نےسعودی عرب میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران سعودی عرب کیساتھ کھڑے رہنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ایران کا جارحانہ رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔