Thursday, May 9, 2024

آرامکو حملوں میں ایران ملوث ہے، امریکا کا الزام

آرامکو حملوں میں ایران ملوث ہے، امریکا کا الزام
September 16, 2019
ریاض (92 نیوز) آرامکو حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ پر کشیدگی کے سیاہ بادلوں نے ڈیرے ڈال دئیے، جنگ کے خطرات بڑھنے لگے ہیں۔ امریکا نے آرمکو پر حملوں کا الزام ایران پر عائد کردیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کے پاس سعودی تیل تنصیبات پر حملے میں ایران کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں، جن میں کچھ سیٹلائٹ تصاویر اور خفیہ معلومات شامل ہیں۔ بی بی سی کے مطابق امریکی حکام نے بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ ان حملوں کی سمت اور حد دیکھنے کے بعد ان کے پیچھے حوثی باغیوں کا ہاتھ ہونے پر شکوک پیدا ہو گئے ہیں، یہاں اس بات کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے کہ آرامکو حملوں میں 19 اہداف کو مغرب اور شمال مغرب کی جانب سے نشانہ بنایا گیا،جبکہ یمن، سعودی عرب کے جنوب ،اور ایران، مشرق میں واقع ہے۔ امریکا کی جانب سے حملوں کا الزام مسلسل ایران پر عائد کیا جارہا ہے، امریکی صدر نے سعودی آئل تنصیبات پر حملوں کے جواب میں عسکری کارروائی کا عندیہ دے دیا، ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا سعودی عرب سے سننے کا منتظر ہے کہ وہ حملے کا ذمےدار کسے سمجھتا ہے اور دونوں ممالک کن شرائط پر آگے بڑھیں گے۔ ادھر ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کا اصل ذمہ دار امریکا اور اسرائیل کو ٹھہرایا ہے۔