Thursday, March 28, 2024

آر ہوا نہ پار، مریم نواز کا مطالبہ پی ڈی ایم اجلاس میں نہ مانا گیا

آر ہوا نہ پار، مریم نواز کا مطالبہ پی ڈی ایم اجلاس میں نہ مانا گیا
December 9, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) آر ہوا نہ پار ،اپوزیشن تاحال شش و پنج کی شکار ہے ، استعفوں اور لانگ مارچ کے فیصلوں کیلئے مزید انتظار کرنا پڑے گا، مریم نواز کا مطالبہ پی ڈی ایم اجلاس میں مانا گیا نہ پریس کانفرنس میں بولنے کا موقع ملا۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے 6دسمبر کو خطاب میں 8دسمبر کو آر یا پار ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔

آر ہوا نہ پار، ذرائع کے مطابق مریم نواز کی خواہش ادھوری رہ گئی ،سوال اٹھائے جا رہے ہیں کہ کیا پی ڈی ایم نے مریم نواز کا بیانیہ مسترد کر دیا؟ کیا مریم نواز کی خواہش ادھوری رہ گئی؟ کیا ایک میز پر بیٹھنے والے ایک  پیج پر نہ آسکے؟۔

مریم نواز کو پریس کانفرنس میں بولنے کا موقع بھی نہیں دیا گیا،پی ڈی ایم کی پریس کانفرنس میں فضل الرحمٰن نےگفتگوکی اورچلتے بنے ۔ مریم نواز نے کچھ کہنا چاہا مگر کہہ نہ سکیں، آواز لگائی مگرا فتخار حسین نے روک دیا۔

پریس کانفرنس میں جو ہوا اس کا غصہ مریم نواز نے صحافیوں پر نکال دیا، مریم نواز گاڑی میں سوار ہونے لگیں تو صحافی نے پوچھا مریم صاحبہ آج آپ ڈیفینسو موڈ میں ہیں، مریم نواز کو سوال پسند نہ آیا تو برس پڑیں۔

پی ڈی ایم آر یا پار پر تو متفق نہ ہوسکی تاہم قوم کو استعفوں کا لالی پاپ دے دیا، اب 31 دسمبر تک استعفے مولانا فضل الرحمٰن کے پاس جمع ہوں گے، اس کے بعد کب آگے جمع کرائیں گے؟ لگتا ہے ہنوز دہلی دور است۔