Friday, April 26, 2024

آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان روس کی میزبانی میں کامیاب مذاکرات، آج سے جنگ بندی پر اتفاق

آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان روس کی میزبانی میں کامیاب مذاکرات، آج سے جنگ بندی پر اتفاق
October 10, 2020
باکو (92 نیوز) آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان روس کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ دونوں ممالک نے نگورنو کاراباخ میں آج سے جنگ بندی پر اتفاق کر لیا۔ نگورنو کاراباخ میں بھڑکتے جنگ کے شعلے ٹھنڈے پڑنے لگے، آرمینیا اور آذربائیجان نے خطے میں عارضی جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔ ماسکو میں 10 گھنٹے طویل مذاکرات کے بعد روس کے وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر معاہدے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ مذاکرات کا آغاز ہو گا۔ معاہدے کے تحت آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ہفتے کو مقامی وقت کے مطابق دن 12 بجے فائر بندی عمل میں آئے گی۔ اور دونوں اطراف سے قیدیوں اور لاشوں کا تبادلہ کیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان 27 ستمبر سے شروع ہونے والی مسلح جھڑپوں میں 400 سے زیادہ افراد مارے جا چکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔