Monday, May 13, 2024

آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جھڑپیں دسویں روز میں داخل

آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جھڑپیں دسویں روز میں داخل
October 6, 2020

آذربائیجان ( 92 نیوز) آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جھڑپیں دسویں روز میں داخل ہو گئیں ، نگورنو کاراباخ کے صوبے جبرائیل کے مزید 3 علاقوں کا قبضہ بھی چھڑا لیا گیا۔

آذربائیجان  اور آرمینیا کے درمیان مسلح جھڑپوں کے شعلے نگورنو کاراباخ سے نکل کر شہری علاقوں تک پھیلنے لگے  ۔ آذربائیجان کی افواج نے آرمینیا کے حمایت یافتہ مزید 23 جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا جبکہ صوبے جبرائیل کے مزید 3 علاقوں کا قبضہ بھی چھڑا لیا گیا ہے ، آذری صدر الہام علیوف نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ شیخالی اگالی، سریجالی، اور میزری میں ایک بار پھر آذربائیجان کا پرچم لہرا دیا گیا ہے۔

آذربائیجان  کی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ آرمینین فورسز نے اس کے مزید تین شہروں کو نشانہ بنایا ہے ،دشمن افواج نے بیلاغان، باردا اور تیرتر میں بمباری کی۔

دوسری جانب ایران نے دہائیوں پرانے تنازع کے مستقل حل کیلئے امن منصوبے کی تیاری شروع کر دی ہے ، ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک، علاقائی طاقتوں اور ہمسایہ ممالک کی مشاورت سے نگورنو کاراباخ تنازع کے پُر امن حل کیلئے خاص فریم ورک تیار کر لیا ہے ، جبکہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور نیٹو سربراہ جینز سٹالٹنبرگ نے آرمینیا اور آذربائیجان سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔