Wednesday, May 8, 2024

آخری ٹی ٹوینٹی میں انگلینڈ کی پاکستان کو وائٹ واش شکست، شعیب ملک مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب

آخری ٹی ٹوینٹی میں انگلینڈ کی پاکستان کو وائٹ واش شکست، شعیب ملک مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب
December 1, 2015
شارجہ (سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ نے آخری ٹی ٹوینٹی میں پاکستان کو سپراوور میں ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کامیابی حاصل کر لی۔ شکست سے گرین شرٹس کی رینکنگ میں چوتھے سے چھٹے درجے پر تنزلی ہو گئی۔ شکست  کے باوجود شعیب ملک مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ تین میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں بھی آفریدی الیون نے پچھلے دو میچوں کی طرح کرکٹ کے دیوانوں کو  مایوس کیا۔ مین آف دی میچ شعیب ملک کے پچھتر رنز بھی کسی کام نہ آئے۔ ٹیم مقررہ اوورز میں سیریز کے سب سے کم ہدف ایک سو چون رنز کا بھی تعاقب نہ کر سکی اور سپراوور میں بدترین کارکردگی دکھاتے ہوئے شکست کو گلے لگا لیا۔ انگلینڈ کے ایک سو چون رنز کے تعاقب میں  پہلے تین پاکستانی بلے باز گیارہ رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے۔ کپتان شاہد آفریدی نے شعیب ملک کے ساتھ ملکر تریسٹھ رنز کی پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم  کی ڈوبتی کشتی کو بھنور سے نکالا مگر کنارے تک لے جانے سے پہلے ہی آؤٹ ہو گئے۔ بوم بوم نے تین چھکوں کی مدد سے انتیس رنز بنائے۔ شعیب ملک کے علاوہ تمام کھلاڑی وقفے وقفے سے پویلین لوٹتے رہے۔ شعیب ملک  بھی ایک ایسے وقت میں غلط شارٹ مارتے ہوئے آؤٹ ہوئے جب  ٹیم کو جیت کیلئے دو گیندوں پر صرف دو رنز درکار تھے۔ سہیل تنویر اور ڈیبیو کرنے والے عامر یامین آخری گیند پر بمشکل ایک رنز بنا سکے جس کے بعد میچ  سپراوور تک چلا گیا۔ سپراوور میں کپتان شاہد آفریدی عمر اکمل کے ساتھ بیٹنگ کرنے آئے اور پوری قوم کو مایوس کیا۔ دونوں نے چھے گیندوں پر صرف تین اسکور کیا۔ انگلیڈ نے میچ آسانی سے جیت کر سیریز میں پاکستان کو وائٹ واش کر دیا۔ سیریز میں بہترین کارکردگی دکھانے پر جیمز ونسی کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔